ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہریانہ حکومت نے جاٹ ریزرویشن تحریک کے دوران ہوئے تشدد کی سی بی آئی جانچ کی سفارش کی

ہریانہ حکومت نے جاٹ ریزرویشن تحریک کے دوران ہوئے تشدد کی سی بی آئی جانچ کی سفارش کی

Fri, 19 Aug 2016 20:20:43    S.O. News Service

چندی گڑھ، 19؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہریانہ حکومت نے روہتک میں جاٹ ریزرویشن تحریک کے دوران آگ زنی اور تشدد کے واقعات کی تحقیقات کے لیے سی بی آئی جانچ کی سفارش کی ہے۔ان واقعات میں ریاست کے وزیر خزانہ کیپٹن ابھیمنیو کی رہائش گاہ پر ہوا حملہ بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکز سے بڑے پیمانے پر ہوئے تشدد اور عوامی املاک کو پہنچائے گئے نقصان کی تحقیقات مجرمانہ اور سیاسی پہلوؤں سے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔جن املاک کو نقصان پہنچایا گیاتھا ان میں آئی جی کی رہائش گاہ ،سرکٹ ہاؤس، وزراء کی رہائش گاہیں اور سرکاری عمارتیں شامل ہیں ۔ملازمتوں اور تعلیم میں ریزرویشن کے مطالبہ کو لے کر چھیڑی گئی جاٹ تحریک کا مرکز روہتک تھا۔اس میں 30سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی جبکہ کروڑوں روپے کی جائیداد کو نقصان پہنچایا گیا تھا ۔مظاہرین نے کئی سرکاری اور نجی عمارتوں کو نقصان پہنچا یا تھا ۔ان میں کیپٹن ابھیمنیو کا عالیشان مکان بھی شامل تھا، اس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تنقید اور غصہ بھڑک اٹھا تھا۔اس سال 19؍فروری کو وزیر کے گھر میں ایک مشتعل ہجوم گھس گیا تھا ، ہجوم نے مکان میں آگ لگا دی اور وزیر کے خاندان کے 9 ارکان کو مبینہ طور پر مار ڈالنے کی کوشش کی۔اس وقت وزیرخزانہ چندی گڑھ میں تھے۔انہوں نے بعد میں دعوی کیا تھا کہ یہ میرے پورے خاندان کو مٹا دینے کی سیاسی سازش تھی ۔یہ ان غیر مطمئن عناصر اور سیاسی مخالفین کی سازش تھی جو جمہوری طریقوں سے اقتدار کے گلیاروں تک نہیں پہنچ پائے۔وزیر نے مرکزی ایجنسی کی طرف سے جانچ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہر کوئی سچ جاننا چاہتا ہے۔


Share: